ہریدوار ۔26 جنوری ( ایجنسیز )کچھ دنوں پہلے ہی ہریدوار واقع مشہور گنگا گھاٹ ’ہر کی پوڑی‘ پر غیر ہندوؤں کا داخلہ ممنوع کرنے والا بورڈ سرخیوں میں تھا۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ بدری ناتھ اور کیدار ناتھ دھام کے علاوہ بدری ناتھ کیدار ناتھ مندر سمیتی کے ماتحت آنے والے سبھی مندروں میں غیر ہندوؤں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ بی کے ٹی سی کی طرف سے آئندہ بورڈ میٹنگ میں اس تعلق سے تجویز پاس کیا جائے گا۔بی کے ٹی سی چیف ہیمنت دویدی نے اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ بدری ناتھ اور کیدارناتھ دھام سمیت مندر سمیتی کے ماتحت سبھی مندروں میں غیر ہندوؤں کا داخلہ ممنوع قرار دینے سے متعلق فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس کیلئے مندر سمیتی کی آئندہ بورڈ میٹنگ میں تجویز کو منظوری ملے گی۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ اُتراکھنڈ کی مذہبی و ثقافتی روایات کی حفاظت سب سے اہم ہے۔ کیدار کھنڈ سے لے کر مانس کھنڈ تک قائم مندروں کے سلسلہ میں روایتی طور سے غیر ہندوؤں کا داخلہ ممنوع رہا ہے، لیکن غیر بی جے پی حکومتوں کے وقت روایات کی خلاف ورزی ہوتی رہی ہے۔ روایات پر صحیح طریقے سے عمل کویقینی بنایا جا سکے، اس کیلئے سخت اقدام کیے جائیں گے۔بی کے ٹی سی چیف نے ریاست میں مزاروں کے خلاف ہو رہی کارروائی پر بھی اپنی رائے ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی ہدایت پر ریاست بھر میں ناجائز مزاروں کو ہٹانے کی کارروائی قابل قدر ہے۔ یہ قدم اُتراکھنڈ کے مذہبی وقار، ثقافتی وراثت اور نظامِ قانون کو مضبوط کرنے کی سمت میں اہم قدم ثابت ہوا ہے۔