بدعنوانیوں میں ملوث عہدیداروں کو تلنگانہ میں اہم عہدے

   

اتم کمار ریڈی کا الزام، ٹی آر ایس سے قربت رکھنے والے اعلیٰ عہدیداروں کی حوصلہ افزائی

حیدرآباد۔/30 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر تلنگانہ میں آئی اے ایس اور آئی پی ایس اداروں کو تباہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بدعنوانیوں میں ملوث عہدیداروںکو اہم ذمہ داریاں دی جارہی ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہندوستان میں کرپشن اور بدعنوانیوں میں کے سی آر سرفہرست ہیں۔ ریاست میں 14 سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کو نظر انداز کرتے ہوئے سومیش کمار کو چیف سکریٹری مقرر کیا گیا جبکہ انہیں آندھرا پردیش کیڈر الاٹ کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے آندھرا کیڈر کے عہدیدار سومیش کمار سے چیف منسٹر کی دلچسپی کے بارے میں وضاحت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ رجت کمار کی بدعنوانیوں کا معاملہ ثبوت کے ساتھ منظر عام پر آنے کے باوجود چیف منسٹر نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں شامل کمپنی کی جانب سے رجت کمار کی دختر کی شادی کے اخراجات ادا کئے گئے۔ 2016 بیاچ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کو دو سال سے پوسٹنگ نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیدار تلنگانہ میں کام کرنے کیلئے آمادہ نہیں ہیں۔ ٹی آر ایس سے قربت رکھنے والے عہدیداروں کو اہم ذمہ داریاں دی جارہی ہیں۔ رجت کمار نے گزشتہ عام انتخابات میں برسر اقتدار پارٹی کی مدد کی تھی جس کے نتیجہ میں انہیں محکمہ آبپاشی میں اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں سے متعلق حکومت کے رویہ کو موضوع بحث بنایا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے سیول سرویس سسٹم کو اپنے تحت کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار اپوزیشن قائدین کو ملاقات کا وقت نہیں دیتے۔ر