سنگاریڈی میں ویجلنس بیداری پروگرام، ایمانداری سے کام کرنے کلکٹر کی ہدایت
سنگاریڈی۔ 28 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگا ریڈی ضلع کلکٹر پی پروینیا نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے اور اچھی حکمرانی کے قیام کے لیے ہر سرکاری ملازم کو ایمانداری، شفافیت اور غیر جانبداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینا ناگزیر ہے۔ وہ آج یہاں سنگاریڈی کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں منعقدہ ایک پروگرام سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ یہ پروگرام سنٹرل ویجیلنس کمیشن کے زیراہتمام منائے جا رہے ویجیلنس بیداری ہفتہ کے طور پر منعقد کیا گیا کلکٹر نے افسران و ملازمین کے ساتھ چوکسی کا عہد لیا اور ویجیلنس بیداری کا پوسٹر جاری کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو چاہیے کہ وہ اپنے پیشے میں اخلاقی اقدار کو اپنائیں، کیونکہ اخلاقیات ہی کسی بھی پیشے کی اصل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملازمین شفافیت اور دیانتداری کے ساتھ عوامی خدمات انجام دیں تو حکومت پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا کلکٹر نے مشورہ دیا کہ ہر محکمہ اپنے دفتر میں بیداری پروگرام اور عہد کی تقریبات منعقد کرے تاکہ عملے میں ذمہ داری اور دیانتداری کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی حکمرانی شفاف طرزِ عمل سے ہی ممکن ہے اس موقع پر سی ایچ سروتھا کیرتی (ایس پی، ریجنل ویجیلنس اینڈ انفورسمنٹ، آر سی پورم یونٹ)، مادھوری (ایڈیشنل کلکٹر ریونیو)، ستیش ریڈی (ڈی ایس پی) کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران اور آر سی پورم ویجیلنس عملہ موجود تھے۔