بدعنوانی کیس‘ ستیہ پال ملک کیخلاف سی بی آئی کی چارج شیٹ

   

نئی دہلی ۔22؍مئی (ایجنسیز )جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے خلاف سی بی آئی نے بدعنوانی کے ایک معاملہ میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ ان کے علاوہ 2 پرسنل سیکریٹری اور 4 دیگر افراد کو بھی اس معاملہ میں ملزم بنایا گیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق یہ معاملہ ’کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پراجکٹ‘ معاملہ میں بدعنوانی سے منسلک ہے اْس وقت ستیہ پال ملک جموں و کشمیر کے گورنر تھے۔واضح ہو کہ اپریل 2022 میں سی بی آئی نے اس معاملہ کی تحقیقات شروع کی تھی۔ ستیہ پال ملک نے بذات خود کئی انٹرویو اور پروگرامز میں الزام عائد کیا تھا کہ اس پراجکٹ میں بدعنوانی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ گورنر تھے تو اس پرواجکٹ کی منظوری کے لیے انہیں رشوت کی پیشکش کی گئی تھی۔ یہی نہیں ان کا کہنا تھا کہ بعد میں ان کے پرسنل سیکرٹری نے بتایا کہ ان ڈیلز (سودوں) میں دوسرا معاملہ ہے اور اگر وہ منظوری دیتے ہیں تو ہر فائل پر 150 کروڑ روپے مل سکتے ہیں۔ 2 فائلیں تھیں تو 300 کروڑ کا آفر تھا۔ان معاملوں کے انکشاف کے بعد ہی سی بی آئی نے 20 اپریل 2022 کو مقدمہ درج کیا تھا۔ اس معاملہ میں چناب ویلی پاور پراجکٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، ایک پرائیویٹ کمپنی اور کچھ نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج ہوا تھا۔ پھر یہ بات سامنے آئی کہ کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پراجکٹ کے ٹینڈر میں طریقۂ کار پر عمل نہیں ہوا۔ ایجنسی کے مطابق اسی وجہ سے اس معاملہ کی تحقیقات ستیہ پال ملک تک جا پہنچی تھی۔ واضح ہو کہ ستیہ پال ملک اس معاملہ پر مسلسل تنقید کرتے رہے ہیں کہ آخر یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ جس نے بدعنوانی کے الزام عائد کیے ہوں، اسی کے خلاف تحقیقات ہونے لگے اور مجرموں کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہو۔