بدعنوانی کے زیر التوا مقدمات پر محکموں کی درجہ بندی کی جانی چاہئے : مودی

   

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کسی بھی بدعنوان شخص کو سیاسی، سماجی تحفظ نہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کو بدعنوانی کے زیر التوا مقدمات کی بنیاد پر درجہ بندی کرنا چاہئے اور اس کی رپورٹ باقاعدگی سے عوامی طور پر دستیاب ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کرپشن کے خلاف جس قوت ارادی کا مظاہرہ کر رہی ہے ، وہی عزم تمام محکموں میں دکھانا ضروری ہے ۔ وزیراعظم نے محکموں میں بدعنوانی کے مقدمات کو جلد نمٹانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے ۔ مودی یہاں وگیان بھون میں سنٹرل ویجیلنس کمیشن (سی وی سی) کے زیر اہتمام ویجیلنس بیداری ہفتہ کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے ۔