بدعنوان سرکاری عہدیداروں کیلئے پاسپورٹ کا حصول مشکل

   

نئی دہلی 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یہ خبر واقعی چونکادینے والی ہے کہ ایسے بدعنوان افسران جنھیں معطل کردیا گیا ہے، اُنھیں پاسپورٹ کی اجرائی نہیں کی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ موجودہ رہنمایانہ خطوط پر وزارت پرسونل کی جانب سے سنٹرل ویجلنس کمیشن اور وزارت اُمور خارجہ کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔ حکم نامہ مرکزی حکومت کے تمام محکمہ جات کے سکریٹریز کو جاری کیا گیا ہے جس میں وضاحت کی گئی ہے کہ اگر کوئی افسر پاسپورٹ کے حصول کا خواہاں ہے تو سب سے پہلے اُس کی ویجلنس کلیرنس کی جانچ کی جائے گی۔ اس کے بعد کسی بھی معطل شدہ یا ایسے افسر جس کے خلاف فرد جرم عائد کی گئی ہے، کی ویجلنس کلیئرنس کو روک دیا جائے گا۔ کسی بھی فوجداری معاملہ میں ملوث افسران کے لئے بھی پاسپورٹ کا حصول ممکن نہیں ہوگا جس میں افسران کو سمن یا وارنٹ جاری کیا گیا ہو۔