حیدرآباد۔28۔اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی رگھونندن راؤ نے دلت بندھو اسکیم میں کرپشن میں شامل ارکان اسمبلی کے نام برسر عام کرنے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دلت بندھو اسکیم میں رقومات حاصل کرنے کی اطلاع کے باوجود کرپشن میں ملوث وزراء اور ارکان اسمبلی کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوان ارکان اسمبلی اور وزراء کی پشت پناہی دلتوں کے ساتھ دھوکہ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود اپنی پارٹی کے بدعنوان عوامی نمائندوں کے خلاف کارروائی کی چیف منسٹر کو ہمت نہیں ہے۔ اس معاملہ کو سی بی آئی یا پھر اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ میں ڈبل بیڈروم مکانات کے الاٹمنٹ کے لئے رقومات طلب کی جارہی ہیں۔ر