بدلاپور واقعہ کیخلاف شرد پوارکا دھرنا

   

ممبئی: مہاراشٹرا میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار)، کانگریس اور شیو سینا (یو بی ٹی) نے بدلاپور کے اسکول میں لڑکیوں کے جنسی استحصال معاملے میں حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ اس سلسلے میں ان جماعتوں کے اتحاد مہا وکاس اگھاڑی نے آج مہاراشٹرا بند کا اعلان کیا تھا تاہم بامبے ہائی کورٹ نے اس پر پابندی لگا دی جس کے بعد ایم وی اے پارٹیوں نے پونے میں احتجاج کیا۔ شرد پوار پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ سیاہ پٹی باندھ کر دھرنے پر بیٹھے۔ سپریا سولے بھی ان کے ساتھ موجود رہیں۔اس معاملے میں مہاراشٹرا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن اسمبلی وجے وڈیٹیوار نے کہا کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔ ہم حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اگر عوامی تحریک کے باوجود ریاست میں ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں تو اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست میں جرائم پر کوئی کنٹرول نہیں ہے اور مجرموں میں کوئی خوف نہیں۔ شیو سینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی نے خواتین پر مظالم کے خلاف بند کی کال دی تھی۔ عدالت نے ایسا نہ کرنے کو کہا ہے۔ ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن ہم احتجاج کریں گے۔ ہماری آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہماری لڑائی جاری رہے گی۔