ابوظہبی : کورونا وائرس کا افسوسناک دور ہندوستان اور متحدہ عرب امارات دونوں کے لئے کئی سبق سکھا گیا اور کئی تجربات ہوئے ہیں، اُن کی نشاندہی کرتے ہوئے وزیر اُمور خارجہ ایس جئے شنکر نے اپنے یو اے ای ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کہاکہ بدلتی دنیا میں اِس خلیجی مملکت کے ساتھ مل جل کر کام کرنے کے لئے متعدد مواقع ہیں۔ جئے شنکر نے 25 اور 26 نومبر کو دو روزہ دورہ کیا ہے۔ وہ منگل کو شروعات کرتے ہوئے اپنے 3 قومی دورے کے تحت دوسرے مرحلہ میں یو اے ای میں تھے۔ قبل ازیں اُنھوں نے بحرین کا دورہ کیا اور آخری مرحلہ میں سیچلس پہونچے۔ یو اے ای کو جئے شنکر کے دورہ کو کورونا وائرس وباء کے تناظر میں اہمیت دی جارہی ہے۔ اِس وباء نے دنیا بھر میں تباہی مچائی ہے۔ جئے شنکر نے جمعہ کو ٹوئٹ میں بتایا کہ گزشتہ روز النہیان کے ساتھ اُنھوں نے باہمی مفاد کے جملہ مسائل پر بات کی۔ وزارت اُمور خارجہ کے مطابق جئے شنکر نے کوویڈ ۔ 19 وباء سے نمٹنے میں ہندوستان کی پیشرفت کے بارے میں یو اے ای کو واقف کروایا۔ دونوں فریقوں نے اپنی جامع شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر اپنے تعاون کا جائزہ لیا۔ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، توانائی، غذائی سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں شراکت دار ہیں۔ جئے شنکر نے ابوظہبی میں انڈین کمیونٹی اسوسی ایشنس کے نمائندگان سے ویڈیو لنک کے ذریعہ ملاقات بھی کی۔ ہندوستانی ریاستوں میں یو اے ای میں سب سے زیادہ کیرالا اور اُس کے بعد ٹاملناڈو اور آندھراپردیش کی نمائندگی ہوتی ہے۔ شمالی ریاستوں کے ہندوستانی بھی یو اے ای میں سرگرم ہیں۔
کوویڈ کیخلاف لڑائی میں سیچلس کی بھی اہمیت
دریں اثناء وزیر اُمور خارجہ جئے شنکر نے جمعہ کو وکٹوریا میں سیچلس کے نومنتخب ہندوستانی نژاد صدر واویل رام کلاون کو یقین دلایا کہ بحر ہند کی یہ قوم ہندوستان کے لئے کوویڈ وباء کے خلاف لڑائی میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔ اُنھوں نے میزبان صدر کے ساتھ بات چیت میں قریبی سکیورٹی تعاون کے بشمول باہمی روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ہندوستان نے ماہ مئی میں انڈین اوشین ریجن کے ممالک کی مدد کے لئے ساگر مشن شروع کیا تھا تاکہ وہ کورونا وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہوسکیں۔ اِن ممالک میں مالدیپ، سری لنکا، ماریشس اور سیچلس شامل ہیں۔
