بدمعاشوں نے 2ہزار کلو ٹماٹر لیجانے والی گاڑی لوٹ لی

   

Ferty9 Clinic

شادی شدہ جوڑا سمیت کئی ملزمین گرفتار‘ دیگر کی تلاش جاری
بنگلورو: ملک بھر میں ٹماٹر کی بے تحاشہ قیمتوں کے درمیان کرناٹک میں ٹماٹروں کی لوٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے واردات میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق لوٹ کی یہ واردات 8 جولائی کو انجام دی گئی تھی اور بنگلورو کے آر ایم سی یارڈ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔پولیس کے مطابق گرفتار جوڑے کی شناخت بھاسکر اور اس کی بیوی سندھوجا کے نام سے ہوئی ہے۔ اس معاملے میں راکی، کمار اور مہیش کی تلاش جاری ہے۔ بنگلورو میں 8 جولائی کو ایک کسان کو دھمکی دے کر بدمعاشوں نے 2000 کلو ٹماٹر لے جانے والی گاڑی لوٹ لی تھی۔یہ واقعہ بنگلورو کے چیکاجالا کے قریب آر ایم سی یارڈ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔ کسان چتردرگا ضلع کے ہیریور قصبے سے کولار مارکیٹ میں ٹماٹر لے کر جا رہا تھا۔ ٹماٹر دیکھنے کے بعد بدمعاشوں کے گروہ نے کار کا پیچھا کیا۔ انہوں نے گاڑی روکی اور کسان اور بولیرو کارگو گاڑی کے ڈرائیور پر حملہ کیا اور الزام لگایا کہ ان کی گاڑی کو ٹکر ماری گئی ہے۔ انہوں نے رقم کا مطالبہ کیا اور بعد میں رقم منتقل کرا لی۔ وہ کسان کے ساتھ کارگو گاڑی میں سوار تھے۔ بعد میں بدمعاشوں نے کسان کو زبردستی کار سے دھکیل دیا اور ٹماٹروں سے بھری گاڑی لے کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اکٹھا کیا۔ ملزم جوڑا گاڑی کو چنائی لے گیا اور وہاں ٹماٹر فروخت کیے۔ انہوں نے گاڑی پینیا اور بنگلورو کے قریب کھڑی کی اور دوسری گاڑی میں فرار ہو گئے، جس پر رجسٹریشن نمبر پلیٹ نہیں تھی۔ خیال رہے کہ کرناٹک میں ٹماٹر کی قیمت 120 سے 150 روپے تک پہنچ گئی ہے اور کسانوں کو اپنے ٹماٹر کی فصل کی حفاظت کرنی پڑ رہی ہے۔