نئی دہلی : دہلی کے دوارکا میں واقع امراہی گاؤں میں چند افراد نے ایک جوڑے پر اندھادھند فائرنگ کی جس میں شوہر کی موت ہوگئی جبکہ بیوی کو شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے ۔ضلع دوارکا کے ایک سینیئر پولیس افسر نے جمعہ کے روز بتایا کہ جمعرات کی رات تقریباً 9بجے دوارکا کے سیکٹر 23 کے تھانے کو امراہی گاؤں میں فائرنگ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ موقع پر پہنچے تفتیشی اہلکار کے مطابق چھ۔ سات افراد نے آکراس جوڑے کو گولی مار دی۔ اس دوران لڑکے کو چار گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا ، جبکہ لڑکی کو پانچ گولیاں لگیں اور اسے تشویشناک حالت میں وینکٹیشوارا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ مہلوک نوجوان کی شناخت ونے داہیا (23) اور لڑکی کرن داہیا (19) کے طور پر ہوئی ہے ۔ دونوں ہریانہ کے سونی پت کے گاؤں گوپال پور کے رہنے والے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں نے ایک سال قبل گھر سے بھاگ کر محبت کی شادی کی تھی۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔