بدنام زمانہ بین ریاستی سارقوں کی ٹولی بے نقاب

   

دو بندوق، کارتوس، ڈی سی ایم اور موٹر سائیکل ضبط، وی سی سجنار کمشنر سائبرآباد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: اسپیشل آپریشن ٹیم سائبرآباد نے بدنام زمانہ بین ریاستی سارقوں کی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ککرال گینگ سے مشہور اس ٹولی کا تعلق ریاست اترپردیش سے بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے دو بندوق (طفنچہ)، 15 کارتوس سرقہ میں استعمال کی جانے والی اشیاء ایک ڈی سی ایم اور ایک موٹر سیکل کو ضبط کرلیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار نے بتایا کہ اس ٹولی نے دو زیورات کی دکانات کو لوٹا تھا۔ سنگاریڈی اور سائبرآباد حدود میں وارداتیں انجام دی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ 38 سالہ مکھی عرف گڈو، ساکن جگت گیری گٹہ متون ککرال 40 سالہ جتیندر سنگھ، 27 سالہ رام کمار سنگھ، 45 سالہ مہتاب بھٹی، 39 سالہ جبیل، 35 سالہ حکیم سنگھ، 51 سالہ حسین محمد، 25 سالہ جتیندر سنگھ، 49 سالہ عرفان علی خان اور 22 سالہ رحمن علی سا کنان بدایوں ضلع ریاست اترپردیش کو گرفتار کرلیا۔ ساکھی احمد جو پیشہ ور مجرم ہے نے آسان طریقہ سے رقم بٹورنے کی خاطر سرقہ کرنے کا منصوبہ بنایا اور مجرموں کی ایک 10 رکنی ٹولی کو تشکیل دیا جن کا نشانہ جویلری شاپس تھے۔ نقب زنی میں ماہر یہ ٹولی سرقہ میں مہارت رکھتی ہے۔ ساکھی احمد نے انہیں جگت گیری گٹہ علاقہ میں پناہ دی جنہوں نے سنگاریڈی ضلع کے پٹن چیرو اور سائبرآباد میں وارداتیں انجام دیں۔ اس ٹولی نے 10 دن میں دو وارداتیں انجام دی تھیں۔