بدنام زمانہ بین ریاستی سارق گرفتار

   

چھ موٹر کاریں اور بلٹ موٹر سائیکل ضبط، ملزم پر ماضی میں کئی مقدمات
حیدرآباد۔ سائبرآباد پولیس نے ایک بدنام زمانہ بین ریاستی سارق کو گرفتار کرلیا جو پہلے دوست بناتا تھا اور پھر انہیں لوٹ لیا کرتا تھا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سجنار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 27 سالہ جی مہیش نوتھن کمار ساکن چنگی چرلہ کو گرفتار کرلیا جو مغربی گوداوری آندھرا پردیش کا متوطن بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 6 کاریں اور ایک بلٹ موٹر سائیکل ضبط کرلیا۔ پولیس کے مطابق نوتھن کمار سال 2016 سے غیر سماجی سرگریوں میں ملوث ہے جو کئی مرتبہ جیل کی سزا کاٹ چکا ہے۔ سال 2016 میں ملک پیٹ منتقل ہونے کے بعد اس نے نقلی چابی کے ذریعہ موبائیل کی دوکان میں لوٹ مچائی تھی اور اس کے بعد دوبارہ آندھرا چلا گیا جس کے بعد وہ دوبارہ حیدرآباد منتقل ہوا ۔ زوم کارس کے منیجر کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا جس نے آج زوم کار لیکر فرار اختیار کرلی۔ کار سے جی بی ایس ڈیوائس کو نکال کر اس نے اس زوم کار میں بھی اپنی شناخت کو ظاہر نہیں کیا اور نقلی شناخت بتائی جو اس طرح کے اقدام میں ماہر ہے۔ پولیس نے اس کو گرفتار کرلیا ۔ سال 2019 میں امیر پیٹ کے علاقہ میں اس نے کمرہ کرایہ پر حاصل کیا تھا اور کمرہ میں رہنے والے ساتھیوں کو اعتماد میں لے کر انہیں لوٹ لیا کرتا تھا۔ تین مقدمات میں ایس آر نگر پولیس نے نوتھن کمار کو جیل منتقل کیا تھا جو ڈسمبر 2019 میں جیل سے رہائی حاصل کی اور جنوری 2021 میں اس نے دوبارہ اس طرح کا اقدام کیا ۔ پنجہ گٹہ میں ایک ساتھی کے قبضہ سے ایک لاکھ 60 ہزار روپئے سرقہ کرنے کے بعد اس کے شناختی کارڈ، آدھار کارڈ اور دیگر اہم دستاویزات لیکر فرار ہوگیا۔ پولیس نے اسے گرفتارکرلیا۔