بدنام زمانہ خطرناک عادی سارق راما سوامی گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے ایک بدنام زمانہ خطرناک عادی سارق و قاتل کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس بالا نگر شریمتی پدمجا کی ہدایت پر الوال پولیس اور ایس او ٹی نے مشترکہ کارروائی میں راما سوامی کو گرفتار کرلیا۔ 21 ستمبر کی رات ایک سرقہ کی واردات کی شکایت درج ہونے کے بعد ڈی سی پی بالانگر نے اس واقعہ پر فوری ردعمل ظاہر کیا اور پولیس نے اندراگاندھی مجسمہ کے قریب سے اس عادی مجرم کو گرفتار کرلیا۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر الوال پولیس اسٹیشن مسٹر یادگیری نے بتایا کہ راماسوامی کی گرفتاری سے 6 مقدمات کی یکسوئی کرلی گئی، جن میں 2 مقدمات الوال ایک مقدمہ شنکر جی اور تین مقدمات وقارآباد کے پائے جاتے ہیں۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے ساڑے نو تولے سونا اور تین کیلو چاندی کی اشیاء جن کی مالیت 3 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے کو ضبط کرلیا۔ سابق میں راماسوامی 5 قتل کے مقدمات میں ملوث ہے اس کے علاوہ وقارآباد اور مومن پیٹ کے علاقوں میں اس نے 50 سرقہ کی وارداتیں انجام دیں۔ ڈی سی پی نے اس کارروائی پر الوال پولیس کی ستائش کی۔