ملزمین غیرضمانتی وارنٹس میں قصوروار، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 15 فبروری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ ایسٹ زون پولیس نے دو بدنام زمانہ روڈی شیٹرس جن میں حبیب طلحہ بھی شامل ہے کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 2.3 کیلو گانجہ ضبط کرلیا۔ اس کے علاوہ ان کے خلاف 10 غیرضمانتی وارنٹس جاری تھے انہیں حل کرلیا۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس اے سرینواس نے بتایا کہ 27 سالہ حبیب طلحہ بن عبدالقدیر العیدروس عرف حبیب عرف طلحہ ساکن بارکس جو چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر ہے، کے علاوہ مادناپیٹ کے روڈی شیٹر 28 سالہ کے آنند اگروال عرف محمد زوئب عرف ایلو کا عرف اتو ساکن چنچلگوڑہ کو گرفتار کرلیا۔ ان روڈی شیٹرس کی غیرسماجی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی اطلاعات اور غیرضمانتی وارنٹس میں قصور وار پائے گئے۔ شہر میں حالات کے پیش نظر سرگرم روڈی عناصر پر سخت نظر رکھی جارہی ہے۔ع
اس اقدام کے تحت ان دو روڈی شیٹرس کو گرفتار کرلیا گیا جو نشہ کی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔ پولیس کے مطابق حبیب طلحہ 18 مقدمات میں ملوث ہے جن میں 7 مقدمات میں غیرضمانتی وارنٹ جاری کیا جاچکا ہے جبکہ کے آنند اگروال عرف محمد زوئب یہ روڈی شیٹر 11 مقدمات میں ملوث ہے جس میں روڈی شیٹر بختیار آغا قریشی عرف شوٹر آف کے قتل کا مقدمہ بھی شامل ہے۔ ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار ان روڈی شیٹرس کو متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے حوالے کردیا۔ع