بدنام زمانہ رامجی نگر ٹولی کے چار ارکان گرفتار

   

اشیاء ، موٹر کار ، سیل فون ضبط، راچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) راچہ کنڈہ پولیس نے بدنام زمانہ بین ریاستی رامجی نگر ٹولی کے 4 ارکان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 7 لاکھ 20 ہزار روپئے مالیتی اشیاء بشمول ایک کار ، سیل فون ضبط کرلئے۔ یہ بات کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتائی جو آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب تھے۔ انہوں نے بتایا کہ7 مئی کو ونستھلی پورم کے علاقہ میں توجہ ہٹاکر اے ٹی ایم سنٹر میں رقم جمع کرنے والوں سے رقم کو لوٹ لیا گیا تھا اور توجہ ہٹاکر اس رامجی نگر ٹولی نے رقم کی صندوق لے کر فرار ہوگئی۔ تقریباً تین ماہ کی کڑی مشقت کے بعد اسپیشل آپریشن ٹیم سی سی ایس ونستھلی پورم نے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا۔ کمشنر نے بتایا کہ اس سرقہ کی واردات میں 14 افراد کی نشاندہی کی گئی تھی جس میں 4 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جن میں اصل سرغنہ دیپک عرف دیو کے ساتھ ستہ راج، یوگراج اور سریش کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 2 مئی کو ایک اے ٹی ایم سنٹر میں رقم جمع کرنے آئے عملہ کی توجہ ہٹاکر رقم لوٹ لی تھی۔ اطلاع کے ساتھ ہی پولیس نے قریب میں واقع سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی اور چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے تلاشی لی گئی۔ اس کے علاوہ بس اسٹیشن، ریلوے اسٹیشن اور لاجنگ میں تلاشی لی گئی جس کے بعد سی سی ایس ، ایس او ٹی اور ونستھلی پورم کی پولیس نے مشترکہ کارروائی کا آغاز کیا۔ اور ایک ٹیم کو ٹاملناڈو بھیج کر مجرمین کو تلاش کیا اور پتہ لگایا کہ سارق کوئی اور نہیں بلکہ رامجی نگر ٹولی ہے۔ جس علاقہ کی تقریباً عوام سرقہ کی وارادتوں میں ملوث ہے۔ بیرون ریاست سرقہ کرنے کے بعد یہ سارق رامجی نگر کا رخ کرتے ہیں اور پھر وہاں سے دوسرے علاقوں کا رُخ کرتے ہیں۔ نشاندہی کردہ افراد میں گیارہ کا تعلق ٹاملناڈو اور تین کا تعلق مغربی بنگال سے بتایا گیا ہے۔ کمشنر پولیس نے اس ٹولی کو بے نقاب کرنے میں اہم رول ادا کرنے والے پولیس ملازمین کی ستائش کی۔