حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بدنام زمانہ عادی سارق 27 سالہ رماوت نریش کے خلاف انسداد غنڈہ گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا۔ ڈنڈی تانڈہ گورارم ویلیج نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والے نریش کو ایل بی نگر پولیس جولائی کے مہینے میں گرفتار کرلیا تھا اور اس کے قبضہ سے 94 تولے سونا اور ایک موٹر سیکل کو ضبط کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔ رماوت نریش سال 2011ء سے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ سرقہ کرنا، رہزنی، جبراً وصولی اور توجہ ہٹا کر سرقہ کرنا، نقلی پولیس کے بھیس میں خواتین کا استحصال کرنا جیسے کئی معاملات میں ملوث ہے۔ اس کے خلاف کارروائی کے بعد بھی اس کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور سال 2019ء میں اس نے 5 وارداتیں انجام دیں۔ کمشنر پولیس نے اس کے رویہ کو دیکھتے ہوئے اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا۔