تین سارق گرفتار، ڈی سی پی ویسٹ زون چندراموہن کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) کلثوم پورہ پولیس نے بدنام زمانہ عادی سارقین کو ٹولی کا پردہ فاش کردیا اور تین سارقوں کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساوتھ ویسٹ زون مسٹر چندرا موہن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 32 سالہ سید ابوالحسن ساکن قائم نگر، سید طالب علی سمیر 23 سال ساکن یاقوت محل اور 19 سالہ سیف علی مرزا ساکن چنتل میٹ کو ایک کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔ عطاپور حدود میں انہوں نے ایک راہگیر کو لوٹ لیا تھا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 2 موٹرسائیکل اور ایک دیسی ساختہ بندوق، نکل پنچ، 11 موبائیل فون و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساوتھ ویسٹ زون چندراموہن نے کہا کہ سید ابوالحسن 17 مقدمات اور سید طالب علی 7 مقدمات میں ملوث ہیں جبکہ ان تینوں نے 6 وارداتیں انجام دی تھیں۔ پولیس نے ان کی گرفتاری سے چھ مقدمات کی یکسوئی کرلی۔ نارسنگی، کلثوم پورہ، عطاپور اور گچی باؤلی پولیس اسٹیشن حدود میں انہوں نے سرقہ، رہزنی اور ڈکیتی کی واردات کو انجام دیا تھا۔ کلثوم پورہ پولیس کے مطابق 24 ڈسمبر کو گڈی ملکاپور علاقہ کے ساکن شخص کو پراناپل علاقہ میں دھمکاکر اس کی موٹرسائیکل اور موبائیل فون کو چھین لیا تھا۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران انہیں گرفتار کرلیا۔ع