مسرقہ زیورات ضبط ، جوائنٹ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /16 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) سی سی ایس ملکاجگیری اور ایل بی نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی میں 2 بدنام زمانہ عادی سارقین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 42.6 تولہ سونا 37 تولہ چاندی جن کی کل مالیت 1635000 بتائی گئی ہے کو ضبط کرلیا ۔ یہ بات جوائنٹ کمشنر آف پولیس رچہ کنڈہ مسٹر سدھیر بابو نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کیا اور بتایا کہ 36 سالہ سوپنا کرشنا متوطن تروپتی 36 سالہ بی راجیا متوطن چنا چوک کڑپہ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ جبکہ اس ٹولی کے اصل سرغنہ 45 سالہ ڈی رام پرساد کو 28 ستمبر کے دن ہی گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ اس ٹولی نے میڑپلی اور ایل بی نگر میں وارداتیں انجام دی تھیں ۔ اس ٹولی کا نمبر دو مجرم کل 15 کیسوں میں ملوث ہے اور سال 2014 میں میاں پور پولیس کی جانب سے گرفتار کرلیا گیا تھا اور سال 2019 میں گھٹکیسر پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے تین مقدمات میں جیل منتقل کیا تھا ۔ جیل میں ان دونوں کی ملاقات ہوئی تھی ۔ یہ ٹولی آندھراپردیش اور رچہ کنڈہ کے مقدمات میں ملوث ہے ۔ اس موقع پر دیگر عہدیدار موجود تھے ۔