بدنام زمانہ عادی سارقین گرفتار، مسروقہ زیورات ضبط

   

حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) لنگر حوض پولیس نے سرقہ کی سنگین واردات کو حل کرتے ہوئے تین بدنام زمانہ عادی سارقین کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ویسٹ زون مسٹر جوئیل ڈیوس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ36 سالہ راہول کمار شرما ساکن گھانسی بازار،30 سالہ انوپ کمار ساکن ناگول اور 32 سالہ ایس راجو گرفتار کرلیا ۔ 6 نومبر کی رات لنگر حوض کے علاقہ کاکتیہ نگر میں سرقہ کی سنگین واردات پیش آئی تھی ۔ سارقوں نے ایک شہری کے مکان میں اس کی غیر موجودگی میں سرقہ کیا تھا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 51 تولہ طلائی زیورات ، ایک کیلو چاندی کے زیورات کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے ڈنڈیگل پولیس اسٹیشن کے ایک مقدمہ کو بھی حل کرلیا اور لاکھوں روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف ویسٹ زون نے بتایا کہ راہول کمار شرما عادی مجرم ہے جو 88 معاملات میں ملوث ہے اور چار مرتبہ اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا جبکہ انوپ کمار9 مقدمات میں ملوث ہے اور دو مرتبہ پی ڈی ایکٹ کا سامنا کرچکا ہے۔ راجو ایک قتل کیس میں سزا کاٹ رہا تھا جو عرضی پر جیل سے باہر آیا اور بنگلور چلے گیا تھا۔ پولیس نے اس واردات میں ملوث ہونے کے سبب راجو کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اس نے واردات کی شکایت کے بعد پولیس نے 100 کیمروں کی جانچ کی اور 4 خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے سارقوں کو گرفتار کرلیا۔ ڈی سی پی نے اس واردات کی یکسوئی پرلنگر حوض پولیس انسپکٹر کے سرینواس اور بالخصوص ڈیٹکٹیو انسپکٹر مجیب الرحمن کی کارکردگی کی ستائش کی۔ ع