حیدرآباد : کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ زون اور سدی پیٹ پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں بدنام زمانہ عادی سارق صدام علی کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے بتایا 25 سالہ صدام علی اور اس کے ساتھی 25 سالہ انور علی ساکنان بوڈ اپل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 61.7 تولہ طلائی زیورات، ایک کیلو 10 گرام چاندی کے زیورات جملہ مالیتی 32 لاکھ روپئے کی مسروقہ اشیاء کو ضبط کرلیا۔ صدام اپنے ساتھی راجو کے ہمراہ کئی وارداتیں انجام دے چکا ہے۔ سدی پیٹ، گنٹور اور ورنگل کمشنریٹ میں جیل سے رہائی کے بعد اس نے وارداتیں انجام دی تھیں جبکہ جملہ53 وارداتوں میں ملوث ہے۔ سال 2015ء میں اس نے اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کا آغاز کیا اور سال 2018ء میں اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا تھا۔ اکٹوبر 2020ء میں جیل سے رہائی کے بعد اس نے دوبارہ سرقہ کرنا شروع کردیا جو رات کے اوقات گھروں میں سرقہ کرتا ہے۔ کمشنر پولیس نے صدام کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کی ستائش کی۔