بدنام زمانہ عادی سارق گرفتار لاکھوں روپئے کے مسروقہ اشیاء ضبط

   

حیدرآباد ۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) میرپیٹ پولیس نے ایک بدنام زمانہ عادی سارق کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 43 لاکھ مالیتی مسروقہ اشیاء کو ضبط کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایل بی نگر مسٹر سنپریت سنگھ نے بتایا کہ 23 سالہ سید ساحل ساکن شاہین نگر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے میرپیٹ پولیس نے بالاپور چوراہے سے ساحل کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا دوست سید محمد مفرور ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سابقہ میں دونوں ساتھی سارقوں نے میرپیٹ کے علاوہ ہمایوں نگر، لنگرحوض، گولکنڈہ، بنجارہلز، نارسنگی، آصف نگر، رائے درگم، راجندرنگر اور کستور پولیس حدود میں وارداتیں انجام دی تھیں۔ ڈسمبر سال 2021ء میں جیل سے رہائی کے بعد ساحل اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر 8 وارداتیں بنجارہ ہلز اور میرپیٹ پولیس حدود میں انجام دیں۔ یہ دونوں موٹر سیکل پر رات 7 تا 11 بجے تک کالونیوں میں گھومتے ہوئے بند مکانات کا جائزہ لیتے تھے اور قفل توڑ کر سرقہ کی وارداتیں انجام دیا کرتے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ سابقہ میں ان دونوں نے 42 وارداتیں انجام دی تھیں۔ پولیس نے ساحل کو گرفتار کرنے کے بعد اس کے قبضہ سے مسروقہ اشیاء کو ضبط کیا جس میں 812 گرام طلائی زیورات، 295 گرام چاندی کی اشیاء، لیاب ٹاپ، ایک موٹر سیکل و دیگر اشیاء شامل ہیں جن کی مالیت 43 لاکھ بتائی گئی ہے۔ پولیس ساحل کے ساتھ کو تلاش کررہی ہے۔ع