حیدرآباد /18 جون ( سیاست نیوز ) سرور نگر پولیس نے ایک بدنام زمانہ عادی سارق سرینواس کو گرفتار کرلیا ۔ جس کی عمر 34 سال بتائی گئی ہے ۔ پولیس کے مطابق کرمن گھاٹ علاقہ کا ساکن سرینواس کے قبضہ سے پولیس 13 لاکھ 75 ہزار روپئے مالیتی اشیاء سونا اور الیکٹرانک اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ یہ بات جوائنٹ کمشنر آف پولیس رچہ کنڈہ مسٹر سدھیر بابو نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ سرینواس سدی پیٹ ضلع کا متوطن ہے جو 2 سال دوبئی میں ملازمت کے بعد واپس اپنے گاؤں حسن آباد منڈل واپس ہوا اور اس کے بعد زندگی گذارنے کیلئے حیدرآباد منتقل ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق 25 مئی کے دن سارق سرینواس نے کرمن گھاٹ علاقہ کی ساکن پی میری کے مکان سے اس کی غیر موجودگی میں 14 لاکھ روپئے سرقہ کرلیا ۔ پولیس نے آج سوریہ پیٹ علاقہ سے اس شحص کو گرفتار کرلیا اور عدالتی تحویل میں دے دیا ۔