مشتبہ نقل و حرکت پر پولیس کی کارروائی
مسروقہ موٹر گاڑیاں و دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد: رچہ کنڈہ پولیس نے ایک بدنام زمانہ عادی سارق گنا پورم نکھل کو گرفتار کرلیا۔ ناگارم کے علاقہ میں مشتبہ حالت میں گشت کررہے 25 سالہ نکھل عرف کوشک کو حراست میں لے کر پولیس نے پوچھ تاچھ کی۔ ولی کنڈہ اور سی سی ایس بھونگیر کے مشترکہ آپریشن میں اس عادی سارق روڈی شیٹر کو گرفتار کرلیا گیا۔ نکھل 6 معاملات میں ملوث ہے جو ولی کنڈہ میں رہتا تھا۔ قاضی پیٹ ریلوے پولیس نے سال 2013ء میں اس کی روڈی شیٹ تیار کی تھی اور سال 2018ء میں اس روڈی شیٹ کو بھونگیر منتقل کیا گیا اور کافی عرصہ سے اس کی غیرسماجی سرگرمیاں جاری تھیں۔ خود کو پولیس ظاہر کرتے ہوئے عوام سے جبراً وصولی اور سرقہ کی وارداتیں انجام دینا نکھل کی عادت بن گئی تھی۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 4 موٹر سائیکل 4.5 گرام سونا اور 9 موبائیل فون 1500 نقد رقم کل مالیت 4 لاکھ 51 ہزار 500 روپئے ضبط کرلئے اور 6 مقدمات کو حل کرلیا جس نے ولی کنڈہ، بی بی نگر، میڑچل ، گھٹکیسر میں ایک ایک اور بھونگیر ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں 2 وارداتیں انجام دی تھیں۔ پولیس نے اسے عدالتی تحویل میں دے دیا ہے۔