عثمانیہ یونیورسٹی پولیس ٹیم کی بھوپال میں کارروائی
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ہوائی جہاز سے آکر شہر میں سرقہ کرنے والی ٹولی کو کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ بدنام زمانہ پارتھی گینگ کے تین ارکان کے نام سے شہرت رکھتی ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس کی ٹیم نے بھوپال مدھیہ پردیش سے اس ٹولی کے ارکان کو گرفتار کرلیا۔ یہ بات کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی کے آخری ہفتہ میں تارناکہ علاقہ میں ایک سرقہ کی واردات پیش آئی تھی جہاں مکان کے باورچی خانہ کا دروازہ تور کر سرقہ کیا گیا تھا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 35 سالہ منیشا ڈسکو عرف رقیہ زوجہ علی رضا خاں 33 سالہ علی رضا خاں، 45 سالہ مدوپا بائی ساکنان بھوپال مدھیہ پردیش کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس ٹولی کے مزید تین ارکان فرار ہیں جنہیں بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ اس ٹولی کی گرفتاری کے بعد 12 کیسوں کی یکسوئی ہوئی ہے۔ اس ٹولی نے حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ اور ورنگل کے علاوہ آندھرا پردیش کے حدود میں سرقہ کی وارداتیں انجام دی ہیں اور یہ پارتھی گینگ شہر میں ہوائی جہاز کے ذریعہ سفر کرتے ہوئے آئی ہے۔ سال 2009 سے یہ ٹولی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ کمشنر پولیس نے پارتھی گینگ کو بے نقاب کرنے میں اہم رول ادا کرنے والے ڈیٹکٹیو انسپکٹر عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن مسٹر ایل رمیش نائیک کی ستائش کی اور بتایا کہ گرفتار افراد کو عدالتی تحویل میں دے دیاگیا۔