معمولی دفعات کے تحت مقدمہ کا اندراج ۔ نوٹس کی اجرائی کے بعد رہائی
حیدرآباد : /5 اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں ہنومان جینتی مرکزی جلوس کے دوران بین الاقوامی بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کا پوسٹر لہرانے کے کیس میں سلطان بازار پولیس نے 4 ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق /2 اپریل کو ہنومان جینتی شوبھا یاترا کا انعقاد عمل میں آیا تھا جس میں شہر کے مختلف مقامات سے جلوس اور کرمن گھاٹ اور گولی گوڑہ رام مندر سے مرکزی جلوس نکالا گیا تھا ۔ جلوس میں شامل بعض افراد نے سلطان بازار میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک پوسٹر لہرایا جس پر بین الاقوامی بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کی تصویر تھی ۔ اتنا ہی نہیں ریالی میں شامل افراد نے لارنس بشنوئی پوسٹر پر ’ آپ کا باپ آرہا ہے ‘ بھی لکھا ۔ اس متنازعہ پوسٹر اور نعرے کو دیکھ کر پولیس نے ان افراد کی ویڈیو گرافی کی اور بعد ازاں ان کے خلاف بھارتیہ نیہا سنیتا ( بی این ایس) کے معمولی دفعہ 353(1)(c) اور 353(2) کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ پولیس نے 4 افراد کی نشاندہی کی ۔ کیس کی تحقیقات سلطان بازار کے سب انسپکٹر پی سائی رام نے کی جس نے پوسٹر اور نعرے لگانے والے 4 ملزمین 18 سالہ پی گوپی چند ساکن میڑچل ملکاجگری ، 28 سالہ ساملا سنجئے کمار ساکن بالاجی نگر جواہر نگر میڑچل ملکاجگری ، 32 سالہ کالا کارتک (اصل آرگنائزر) ساکن بالاجی نگر میڑچل اور 25 سالہ رام داسو ترون ساکن میڑچل ملکاجگری کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے گرفتار افراد کو بی این ایس ایس کے دفعہ 35(3) کے تحت نوٹس جاری کرکے رہا کردیا ۔ لارنس بشنوئی ایسا بین الاقوامی بدنام زمانہ گینگسٹر ہے جسے کینیڈا نے دہشت گرد قرار دیا اور یہ گینگسٹر بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی کے کیس میں ملوث ہے ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ بین الاقوامی بدنام زمانہ گینگسٹر کے حق میں نعرے لگانے اشرار کے خلاف معمولی سی کارروائی کی گئی ہے ۔ ب / y