حیدرآباد۔ چیف منسٹر چندرشیکھرراو نے گوتم بدھا کی جینتی اور بدھا پورنیما کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوں نے اپنے پیام میں کہا کہ بدھ مت کی جانب سے جو راہ دکھائی گئی ہے وہ آج بھی بنی نوع انسانیت کی ترقی کیلئے مناسب ہے ۔انہوں نے کہاتلنگانہ سماج کے انسانی اقدار،امن اور تحمل کے ساتھ عدم تشدد کی طرززندگی کی بنیاد بدھ مت کی ثقافت ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ناگرجناساگر میں بدھا ونم پروجیکٹ تیزی کے ساتھ ایک بین الاقوامی مرکز کے طورپر ابھررہا ہے۔
،انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ریاست میں بدھ مت کی ثقافت کے مراکز کے احیا اور ان کی تزئین نو کے لئے تمام مساعی کررہی ہے اور ان کو عالمی بدھ مت کے نقشہ میں رکھاجارہا ہے ۔وزیراعلی نے کہا کہ عوامی بہبود اور ترقی کے ذریعہ ہی بدھا کو خراج پیش کیاجاسکتا ہے اور ریاستی حکومت اس سمت کام کررہی ہے ۔