نئی دہلی: ہندوستان کی تجارتی سامان کی برآمدات ایک سال پہلے کے مقابلے اس سال جولائی میں 1.2 فیصد کم ہوکر 33.98 ارب ڈالر رہ گئیں، جب کہ درآمدات 7.5 فیصد بڑھ کر 57.48 ارب ڈالر ہوگئیں۔ محکمہ تجارت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ عالمی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود ہندوستان کی برآمدات مستحکم رہی ہیں اور انجینئرنگ اور الیکٹرانکس سامان کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے ۔ وزارت تجارت کے چہارشنبہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں ملک کا تجارتی خسارہ (برآمدات کے مقابلے درآمدات میں اضافہ) بڑھ کر 23.50 ارب ڈالر پر پہنچ گیا۔
تجارتی خسارہ جون میں 20.98 ارب ڈالر اور گزشتہ سال جولائی میں 19 ارب ڈالر رہا تھا۔ گزشتہ سال جولائی میں تجارتی اشیا کی برآمدات 34.39 ارب ڈالر اور درآمدات 53.49 ارب ڈالر کے برابر تھیں۔ رواں سال جون کے مہینے میں برآمدات 2.56 فیصد اضافے سے 35.2 فیصد اور درآمدات پانچ فیصد اضافے سے 56.18 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں۔ کامرس سکریٹری سنیل برتھوال نے جولائی کے اعداد و شمار پر کہا کہ اگر یہی رجحان جاری رہا تو ملک کی کل برآمدات، جس میں نہ صرف اشیا بلکہ خدمات کی برآمدات بھی شامل ہیں، پچھلے مالی سال کے مقابلے موجودہ مالی سال میں زیادہ ہوں گی۔ برتھوال نے کہا، دنیا میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کے باوجود ہماری برآمدات مستحکم رہی ہیں اور یہ انجینئرنگ اور الیکٹرانک سامان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ میں اس کی جھلک نظر آتی ہے ۔