برآمدات کے لیے معیار ، انفراسٹرکچر اور معاون پالیسی اہم

   

کامرس ویک سے پرنسپل سکریٹری جیش رنجن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن نے آج کہا کہ ملک کی برآمدات میں اضافہ کے لیے معیار ، ایکسپورٹ انفراسٹرکچر اور معاون پالیسیز تین اہم پہلو ہیں ۔ وزارت کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام یہاں ایف ٹی سی سی آئی پر کامرس ویک سے مخاطب کرتے ہوئے جیش رنجن نے کہا کہ اگر انٹرپرینئرس ہندوستان کو برآمدات کا ایک مرکز بنانے میں سنجیدہ ہوں تو نہ صرف فارما بلکہ دوسرے شعبوں میں بھی مواقع ہوں گے اور ان تین پہلو کو مد نظر رکھنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کی بڑی اہمیت ہوتی ہے جس کے لیے اشیاء کا معیار بہت اہم ہوتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کیرالا کی ایک کمپنی Kytex نے حال میں حکومت تلنگانہ کے ساتھ حیدرآباد میں شیر خوار بچوں کے لیے کپڑوں کی تیاری کر کے انہیں امریکہ کی مارکٹ میں پہنچانے ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں ۔ حالانکہ ہندوستان میں کپاس کی پیداوار بہت زیادہ ہوتی ہے تاہم اس پراڈکٹ کے لیے کپاس کی پیداوار امریکہ میں کی جاتی ہے کیوں کہ وہ کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک میں کاٹن کے معیار میں بہتری آئے گی ۔ قبل ازیں ادے بھاسکر ، ڈی جی فار مکسیل نے خیر مقدمی تقریر کی ۔ ڈاکٹر جی سیتارام ریڈی ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل فارن ٹریڈ حکومت ہند ، کرشنا بھاسکر ایکسپورٹ کمشنر حکومت تلنگانہ بھی موجود تھے ۔۔