سنتوں پر عمل کرنے کی تلقین، کھمم میں جلسہ، مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی، مولانا محب اللہ ندوی، مولانا عبید اللہ خاں اعظمی کا خطاب
کھمم۔ 23 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے ہدایت کا ذریعہ ہے دنیا میں امن و امان کے قیام اور انسانیت کی خدمت کے لیے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی پوری انسانیت کے لیے قابل تقلید حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس تمام انسانوں کے لیے ایک روشن چراغ کی طرح ہے جو دن میں سورج اور رات میں چاند کی عیاں ہے ان خیالات کا اظہار کھمم کے بھکتہ رام داس کلا شیسترم میں مسلم ایکیہ سنگم تلنگانہ کی جانب سے منعقدہ اجلاس عام بعنوان سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام انسانیت کے نام سے مختلف علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت مسلم ایکیہ سنگم تلنگانہ کے صدر مولانا مجاہد اشاعتی نائب صدر شیخ حسین نے کی اجلاس سے مہمانان خصوصی مفسر قرآن حضرت مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی اور مولانا عبیداللہ خان اعظمی نائب صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و سابقہ رکن راجیہ سبھا نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے ہدایت کا ذریعہ ہے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کا مقصد ہی دنیا میں امن و امان کے قیام اور انسانیت کو تاریکی سے نکال کر راہ راست پر لانا ہے آج ضرورت اس بات کی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے مشن کو آگے بڑھانے میں امت مسلمہ اپنا کلیدی رول ادا کریں آج دنیا میں فادر ڈے مدر ڈے منایا جاتا ہے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے پندرہ سو سال پہلے پوری انسانیت کو والدین کے درجہ کو بتاتے ہوئے والدین کے قدر و منزلت کو واضح کیا ۔ آج موجودہ پرفتن دور میں مسلمان آپس میں اتحاد و اتفاق کے ذریعے انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائے آج مسلمان اپنی تجارت ملازمت اور معاملات کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ہدایت کے مطابق انجام دے جس کے اندر دنیا و آخرت کی کامیابی ہے اس موقع پر مولانا محب اللہ ندوی رکن پارلیمنٹ رام پور یو پی اور ڈاکٹر حفیظ ا لرحمن سابقہ پروفیسر جے این یو دہلی و صدر صوفی فاؤنڈیشن نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج امت مسلمہ کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو اپناتے ہوئے برادران وطن کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے سیرت سے واقف کروانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ موجودہ پرفتن دور میں مسلمانوں کو قطعاً ناامید نہیں ہونا چاہئے بلکہ نامساعد حالات میں مسلمانوں کو رجوع الیٰ اللہ ہوتے ہوئے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر صد فیصد عمل کرتے ہوئے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی عظیم سنتوں کو مشن بناکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انسانیت کی خدمت بالخصوص بے سہارا افراد کی خدمت یتیم و یسیر کی خدمت کو اپنے زندگی کا نصب العین بنائیں۔ جلسہ کی سرپرستی مولانا محمد سعید احمد قاسمی صدر جمعیت العلماء ضلع کھمم نے کی مفتی اطہر قاسمی نے جلسہ کی نظامت کی جلسہ عام میں ضلع بھر سے تشریف لائے عوام کی کثیر تعداد موجود تھی مسلم ایکیہ سنگم تلنگانہ کی جانب سے تمام مہمانوں کی شال پوشی کی گئی مولانا انیس احمد آزاد قاسمی کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔