برازیلیا ۔ برازیل کے صدر جائیر بولسونارو ایمیزون میں کان کنی کی توسیع چاہتے ہیں۔ انہوں نے سونے کی کانوں کے چھوٹے کاریگروں کی حمایت کے لیے کئی فرمانوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان کے اپنے بیانات کے مطابق برازیل کی حکومت اس طرح علاقائی اور قومی سطح پر کان کنی کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ اس کے برعکس گرین پیس مہم کے ماحول دوست کارکنان نے ان اقدامات کو لوٹ مار قرار دے دیا ہے۔ ماحولیاتی تنظیمیں ایک عرصہ سے جنگلات کی بڑے پیمانے پر کٹائی اور مقامی آبادی پر حملوں کی مذمت کرتی آئی ہیں تاہم بولسونارو کے 2019 ء میں صدارتی عہدے سنبھالنے کے بعد سے ایمازون جنگلات میں واضح کمی آئی ہے۔