آکلینڈ ۔ ویمنز ورلڈکپ فٹبال میں برازیل، ارجنٹینا اور اٹلی کا سفر تمام ہوگیا، تینوں ٹیمیں گروپ مرحلے سے آگے نہ جا سکیں، گروپ ایف سے فرانس اور جمیکا جبکہ گروپ جی سے سوئیڈن اور جنوبی افریقہ نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ میگا ایونٹ کے گروپ میچ میں برازیل کو جمیکا کے خلاف لازمی فتح درکار تھی لیکن کوئی ٹیم گول نہ بنا سکی اور میچ برابری پر ختم ہوا، جو جیمکا کی کامیابی ثابت ہوا، جمیکا نے گروپ ایف سے فرانس کے ساتھ پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ فرانس نے اپنے آخری گروپ میچ میں پاناما کو شکست دی، پاناما نے دوسرے منٹ میں برتری حاصل کر لی، لیکن فرانس نے21ویں منٹ میں مقابلہ برابرکیا اور پھر پہلے ہی ہاف میں مزید تین گول داغ دیے۔ دوسرے ہاف میں فرانس نے مزید دوگول بنائے، جبکہ پاناما نے دوگول کیے لیکن فرانس نے میچ 6-3 گول سے جیت کرگروپ میں پہلا مقام حاصل کیا۔ گروپ جی میں جنوبی افریقہ اور اٹلی کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، اٹلی نے 11ویں منٹ میں برتری حاصل کی، لیکن 32ویں منٹ میں اپنے ہی گول کے باعث میچ برابر ہوگیا۔ دوسرے ہاف میں ہلدا مگائیا نے افریقی ٹیم کو سبقت دلادی، اس بارکاروسو نے اپنا دوسرا گول بناکر میچ برابرکیا لیکن اسٹاپ ٹائم میں کگاتلانا نے گول کیا اور جنوبی افریقہ کو 2-3 کی فتح کے ساتھ پری کوراٹر فائنل میں پہنچا دیا۔ گروپ کے ایک اور میچ میں سوئیڈن نے ارجنٹینا کو دوگول سے شکست دے دی، میچ کے دونوں گول دوسرے ہاف میں اسکور کیے گئے، اس کامیابی کے ساتھ سوئیڈن پہلے اور جنوبی افریقہ دوسرے مقام کے ساتھ ناک آوٹ مرحلے میں پہنچ گئیں۔