برازیل میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 4256 ہوگئی

   

ریو ڈی جینرو، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لاطینی امریکی ملک برازیل میں عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ 19) سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 4256 ہو گئی ہے جبکہ اس سے اب تک 136 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔وزارت صحت نے اتوار کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 352 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ کم از کم 22 مریضوں کی موت ہو گئی ہے ۔ملک کی جنوب مشرقی ریاست ساؤ پالو سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا کے اب تک 1451 متاثرین سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 98 متاثرین کی موت ہو چکی ہے ۔
اس کے بعد ریو ڈی جینرو ریاست متاثر ہے جہاں اب تک 600 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 17 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔اب تک ملک کی 27 ریاستوں میں سے 13 ریاستوں میں کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کی موت کی خبر سامنے آ چکی ہے ۔ زیادہ تر ریاستوں نے لوگوں کو ایک دوسرے کے رابطے میں نہ آنے دینے اور دکانداروں سے ضروری اشیاکی فروخت پر روک لگانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔برازیل حکومت نے پڑوسی ممالک سے متصل اپنی تمام سرحدوں کو سیل کر دیا ہے اور کورونا وائرس سے شدید متاثر ممالک کے شہریوںکے آنے پر روک لگا دی ہے ۔