برازیلیا : برازیل کی معروف گلوکارہ ماریلیا مینڈونسا طیارہ حادثہ میں ہلاک ہوگئیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق برازیلین حکام نے 26 سالہ گلوکارہ ماریلیا کی طیارے حادثہ میں موت کی تصدیق کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکارہ کے طیارہ کو حادثہ برازیل کی جنوب مشرقی ریاست میں پیش آیا جس میں دیگر چار افراد بھی ہلاک ہوئے جس میں ماریلیا کے پروڈیوسر، قریبی عزیز اور دو کریو ممبرز شامل ہیں۔حکام نے طیارہ کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جس میں حادثہ کی وجوہات کا پتا لگایا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ماریلیا نے چھوٹی عمر سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور وہ 2016 میں برازیل کی قومی اسٹار بن کر ابھریں جب کہ انہوں نے 2019 میں گریمی ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔گلوکارہ نے اپنے طیارہ کے اڑان بھرنے سے قبل ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس کے بعد ان کے طیارہ حادثہ کا شکار ہوا۔