برلن : جرمن دارالحکومت کے تاریخی مقام برانڈنبر گیٹ پر جرمنی کے چوٹی کے سیاستدانوں نے اسرائیل کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ریلی میں شرکت کی۔ جرمنی کے وائس چانسلر اولاف شْلس نے اس موقع پر کہا کہ یہودی ریاست کی سلامتی جرمنی کے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ شْلس کے بقول یہ محض لفظی بات نہیں بلکہ اس کا تعلق سکیورٹی پالیسی معاملات میں ٹھوس اقدامات اور باہمی تعاون سے ہے۔ اس موقع پر جرمنی کی وزیر انصاف کرسٹینے لامبرشٹ نے اپنی تقریر میں کہا کہ جرمنی میں سامیت مخالف جذبات کے حامل افراد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا اشارہ گزشتہ چند روز کے دوران اسرائیل فلسطین جنگ کے ضمن میں جرمنی میں ہونے والے متعدد اسرائیل مخالف مظاہروں کی طرف تھا۔
