کیپ ٹاؤن۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش کرکٹ ٹیم کے کوچ کرس سلور ووڈ نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹسٹ کیلئے حتمی ٹیم میں اسپنر کی شمولیت کی خاطر وہ سخت فیصلوں پر بھی تیار ہیں اور اسٹوارٹ براڈ یا جیمز اینڈرسن کو خارج کرنے پر بھی خوف کا شکار نہیں ہوں گے۔کرس سلورووڈ کے مطابق تین جنوری کو کیپ ٹاؤن میں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ کیلئے وہ کپتان جو روٹ کی مشاورت سے ایک اسپنر ٹیم میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسٹوارٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن اپنے تجربے کی وجہ سے اہمیت کے حامل ہیں جن کو خارج کرنا عام حالات میں ممکن نہیں لیکن اسپنر کی شمولیت کی خاطر وہ ان میں سے کسی ایک کو بھی باہر کر سکتے ہیں کیونکہ سام کرن اور جوفرا آرچر پہلے ٹسٹ میں کامیاب رہے تھے۔