برج بھوشن سنگھ کو گرفتار کرنے کے لیے ابھی تک ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا: دہلی پولیس ذرائع

   

نئی دہلی: پولیس کو ابھی تک ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، جس کی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا جاسکے۔ یہ جانکاری دہلی پولیس کے اعلیٰ ذرائع نے دی ہے۔ذرائع کے مطابق دہلی پولیس اگلے 15 دنوں کے اندر اپنی رپورٹ عدالت میں داخل کر سکتی ہے۔ قواعد کے مطابق اگر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف کوئی ثبوت ملے تو چارج شیٹ داخل کی جائے گی، بصورت دیگر پولس اپنی حتمی رپورٹ عدالت میں داخل کرے گی۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس حتمی رپورٹ یعنی ایف آر کو اسی صورت حال میں فائل کرتی ہے جب اسے کسی کیس میں کوئی ثبوت نہیں ملتا۔دہلی پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے میں کئی لوگوں کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں اور کئی گواہوں کے بیانات بھی درج کیے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کو کئی دستاویزات بھی ملی ہیں، جن کی تفتیش ابھی جاری ہے۔