برج بھوشن کو نارکو ٹسٹ سے گزرنے کی چیلنج

   

نئی دہلی ۔ اولمپک میں میڈل جیتنے والی پہلوان ساکشی ملک نے چہارشنبہ کو ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کو چیلنج کیا کہ وہ جھوٹ پکڑنے والے نارکو ٹسٹ سے گزر کر دکھائیں اگر انہیں اپنی بے گناہی پر بھروسہ ہے تو سات پہلوانوں کی جانب سے ان پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے جانے کے بعد یہ ٹسٹ دے کر دکھائیں ۔ احتجاج کرنے والے پہلوانوں نے یہ بھی کہا کہ اگر سنگھ ان کی تنظیم میں شامل ہوتے ہیں تو وہ مقابلوں کے انعقاد کی مخالفت کریں گے۔ ملک نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا میں ڈبلیو ایف آئی کے صدر کو نارکو ٹسٹ کروانے کا چیلنج دیتی ہوں۔ ہم بھی ٹسٹ لینے کے لیے تیار ہیں۔ سچ کو کھل کر سامنے آنے دیں، کون مجرم ہے اور کون معصوم ہے پتہ چل جائے گا ۔ ملک نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا انصاف کی جیت ہوگی ۔ایک اور اولمپک میڈلسٹ بجرنگ پونیا نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ تمام مقابلے انڈین اولمپکس اسوسی ایشن کے ایڈہاک پینل کے تحت ہوں۔ اگر ڈبلو ایف آئی کے سربراہ کسی بھی طرح سے ملوث ہوتے ہیں، تو ہم اس کی مخالفت کریں گے۔پہلوانوں نے سنگھ کے خلاف تفتیش کی سست رفتار کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے جمعرات کو بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھنے کا بھی فیصلہ کیا۔ مظاہرین ایک نابالغ سمیت سات خواتین پہلوانوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور دھمکانے کے الزام میں سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔