برج خلیفہ کے قریب ایران کا ڈرون حملہ ناکام

,

   

بحرین ، کویت اور سعودی عرب میں بھی ایران نے برسائے ڈرون ، مختلف جگہ 14 ہلاکتیں

دبئی ۔ 13 مارچ (ایجنسیز) مشرقِ وسطیٰ میں ایران جنگ کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران دبئی کے مرکزی علاقے میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ حکام کے مطابق یہ ایک معمولی ڈرون واقعہ تھا۔دبئی حکومت کے میڈیا آفس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حکام البدعہ کے علاقے میں پیش آنے والے ایک معمولی ڈرون واقعہ سے نمٹ رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد البدعہ کے رہائشی علاقے کے اوپر دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جو کچھ ہی دیر میں ختم ہوگئے۔ یہ علاقہ برج خلیفہ سے تقریباً چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ادھر امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ایران کے جاری تنازع کے باعث خلیجی ممالک بھی اس کشیدگی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ مختلف علاقوں میں ہونے والے حملوں اور جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں 11 عام شہری شامل ہیں۔بحرین میں ایرانی حملے کے بعد محرق جزیرے پر ایک بڑی آگ بھڑک اٹھی۔ کویت میں ایک رہائشی عمارت پر ایرانی ڈرون گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔اسی دوران متحدہ عرب امارات نے دبئی کے دفاع کیلئے اپنے فضائی دفاعی نظام کو دو مرتبہ فعال کیا۔ تاہم دبئی کریک ہاربر کے علاقے میں ایک ڈرون ٹکرانے سے ایک بلند و بالا عمارت میں آگ لگ گئی۔سعودی عرب میں بھی دارالحکومت ریاض کے سفارتی علاقے اور مشرقی حصے میں واقع شیبہ آئل فیلڈ کے اوپر اڑنے والے ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بھی ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ یہ پیش رفت اس واقعے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے جب دبئی ایئرپورٹ کے قریب دو ڈرون گرنے سے چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔