بردہ فروش پر دو افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ کا نفاذ

   

حیدرآباد /13 نومبر ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے بردہ فروش میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی میں آج مزید دو افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ہے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت کے مطابق 29 رانا حسین متوطن پر گھانا کولکتہ مغربی بنگال اور 21 سالہ مامون متوطن بشیر باٹ کولکتہ مغربی بنگال کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ دونوں بنگلہ دیشی نزاد بتائے گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ 21 ستمبر 2019 کے دن پہاڑی شریف پولیس نے ایک کارروائی کے دوران انہیں دیگر ان کے ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار کیا تھا اور ان کے چنگل سے تین جسم فروش لڑکیوں کو آزاد کروایا تھا ۔ یہ ٹولی مغربی بنگال سے روزگار اور ملازمت کے موقع فراہم کرنے جھانسہ دیکر شہر منتقل کرتے تھے اور ان سے جسم فروشی کرواتے تھے ۔ اور یہ ٹولی انسانی سوداگری میں بھی ملوث بتائے جاتے ہیں ۔ یہ لوگ روزگار کی تلاش میں زندگی کے گذر بسر کیلئے شہر آئے تھے اور اس دوران کی پہچان اسد نامی شخص سے ہوئی تھی جو حیدرآباد اور رچہ کنڈہ میں جسم فروشی کا کاروبار کرتا تھا ۔ اس سے ملاقات کے بعد یہ دونوں اس کی ٹولی میں شامل ہوگئے اور گراہکوں کو راغب کر رہے تھے ۔ کمشنر پولیس نے آج اس سلسلہ میں ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔