سنگاریڈی 22 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اسوسی ایشن آف انڈین مسلمس کوئنز لینڈ (AIMQ) آسٹریلیا کے زیر اہتمام پانچواں عید ملاپ ڈنر آسٹریلیا انٹرنیشنل اسلامک کالج، برسبین میں منعقد ہوا، جس میں 300 سے زائد افراد نے شرکت کی اور عید کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔ عید ملاپ ڈنر میں روایتی ہندوستانی و حیدرآبادی کھانوں کا اہتمام کیا گیا تھا، جبکہ بچوں کے لیے فیس پینٹنگ، مہندی اسٹال اور مختلف تفریحی سرگرمیاں بھی رکھی گئی تھیں، جس سے تقریب میں خاصی رونق دیکھنے میں آئی۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں کے نمائندے، کمیونٹی قائدین اور کثیر تعداد میں ہندوستانی نڑاد خاندان شریک ہوئے۔ ہندوستانی قونصل جنرل محترمہ نیتو بھاگوٹیا نے عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے AIMQ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے کمیونٹی میں ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔ صدر AIMQ علی ریاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ تنظیم کمیونٹی کو جوڑنے اور باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر معاونین کا شکریہ ادا کیا عید ملاپ ڈنر کے کامیاب انعقاد میں چیف پیٹرن جنید قادری، سکریٹری احمد محتشم الدین، نائب صدر عدنان رحیم، اسسٹنٹ سکریٹری اسماء سلطانہ اور خازن عبدالرؤف عمران نے کلیدی کردار ادا کیا۔