برسبین: ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے اپنی ٹسٹ تاریخ کا پہلا میچ آسٹریلیا کے خلاف 1947-48ء میں کھیلا تھا۔ تب سے اب تک کل 109 ٹسٹ میچز ہو چکے ہیں۔ لیکن گابا ٹسٹ میچ میں کچھ ایسا ہوا جو ہندوستان اور آسٹریلیا کی ٹسٹ کرکٹ تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ یہ پہلا موقع ہے جب نمبر 10 اور نمبر 11 بلے باز نے آسٹریلیا کے خلاف چھکا لگانے کا کرشمہ کیا ہے۔ ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ بمراہ نے 10 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جس میں انہوں نے پیٹ کمنز کے خلاف دھماکہ خیز پل شاٹ سے چھکا لگایا، جب کہ آکاش دیپ نے بھی لاگ آن کی طرف کمنز کے خلاف چھکا لگا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس طرح جسپریت بمراہ اور آکاش دیپ آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ میں چھکے لگانے والے پہلے ہندوستانی نمبر 10 اور نمبر 11 بلے باز بن گئے ہیں۔اس کے علاوہ گابا ٹسٹ میچ میں بمراہ اور آکاش دیپ نے مل کر 10ویں وکٹ کیلئے 47 رنز کی پارٹنرشپ کی جو کہ ہندوستان کی جانب سے گابا میں 10ویں وکٹ کیلئے کی جانے والی سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل کے ایل راہول نے 84 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور جڈیجا نے 77 رنز کی اننگز کھیل کر ہندوستان کو فالو آن کے خطرے سے نکال دیا تھا۔ اس میچ میں ہندوستان کی بیٹنگ اور کچھ حد تک باؤلنگ تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے اور انہیں ملبورن میں باکسنگ ڈے ٹسٹ سے پہلے بہتری لانی ہوگی۔