لیبر پارٹی کو ہندوستانی برادری کی تائید غیر متوقع
لندن۔/9 نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی تنسیخ سے متعلق حکومت ہند کے فیصلے کے پس منظر کے خلاف مسئلہ کشمیر نے برطانیہ کے عام انتخابات کے لئے جاری مہم میں اپنی جگہ بنالی ہے جہاں امیدواروں نے 12 ڈسمبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل اپنی مہم کے دوران برصغیر ہند میں تقسیم پھوٹ و انتشار کی کوششوں کے خلاف خبردار کیا ہے۔ ہندوستانی برادری سے تعلق رکھنے والے چند اداروں اور تنظیموں نے سوشیل میڈیا کے استعمال، پیامات رسانی اور گپ شپ کے ذریعہ رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے۔ اپوزیشن لیبر پارٹی کو کشمیر میں بین الاقوامی مداخلت کی حمایت سے متعلق قرارداد کی منظوری کے ساتھ مخالف ہند موقف اختیار کرنے پر سخت تنقیدوں کا سامنا ہے۔ ایک سینئر ہندوستانی نژاد رکن پارلیمنٹ ویریندر شرما نے جو مغربی لندن میں واقع ایلنگ ساؤتھ ہال حلقہ سے دوبارہ انتخاب کی امید کے ساتھ مہم چلارہے ہیں انہوں نے کہا کہ ’’ میں نہیں سمجھتا کہ بحیثیت ملک ہم اپنے ارض وطن کے فیصلوں سے متعلق مسائل کو چھیڑنا بہتر ہوگا۔ اس کے بجائے ہمیں آج کے برطانیہ پر توجہ مرکوز کرنا چاہیئے۔ کشمیر دراصل کشمیری عوام کا معاملہ ہے اور وہاں کے تمام مسائل ہندوستان کے دستور و قانون کے مطابق حل کئے جائیں۔‘‘