لندن : ایک نئی رپورٹ میں برطانوی حکومت پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ سفری رکاوٹوں کے ذریعہ ملکی سیاحتی شعبہ کو سبوتاج کر رہی ہے۔ برطانوی سیاحتی شعبہ کے مطابق بین الاقوامی مہمانوں نے گزشتہ برس برطانیہ میں 2.2 بلین پاؤنڈ کم خرچ کیے۔ برطانوی دارالحکومت سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق لندن ہی میں قائم ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورزم کونسل (WTTC) نے سال 2024ء کے لیے اپنی رپورٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ برٹش گورنمنٹ کی طرف سے غیر ملکیوں کے برطانیہ کے سفر پر لگائی جانے والی پابندیوں اور رکاوٹوں سے ملکی سیاحتی شعبہ کو اتنا زیادہ نقصان ہو رہا ہے کہ لندن حکومت کا یہ رویہ برٹش ٹورزم انڈسٹری کو سبوتاج کرنے کے مترادف ہے۔ ڈبلیو ٹی ٹی سی کی اس سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپ کی بڑی معیشتوں میں شمار ہونے والے برطانیہ میں 2024ء میں بین الاقوامی مہمانوں اور سیاحوں نے مجموعی طور پر جو رقوم خرچ کیں، وہ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے پہلے کے مقابلہ میں 2.2 بلین پاؤنڈ (2.9 بلین ڈالر) کم تھیں۔