برطانوی شہزادہ اینڈریو فوجی اعزازات شاہی سرپرستی سے دستبردار

   

لندن : برطانیہ کے شاہی محل (بکنگھم پیلس) نے جمعرات کواعلان کیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو نے ملکہ ایلزبتھ کو اپنی فوجی وابستگی ،اعزازات اور شاہی سرپرستی واپس کر دی ہے۔ان کے وکلاء امریکی جج کو ان کے خلاف دائر ایک دیوانی مقدمہ خارج کرنے پر آمادہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔اس میں شہزادہ اینڈریو پرایک عورت کے جنسی استحصال کا الزام لگایا گیا ہے۔بکنگھم پیلس نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ملکہ کی منظوری اور معاہدہ کے تحت ہی ڈیوک آف یارک نے اپنے فوجی اعزازات اور شاہی سرپرستی واپس کر دی ہے۔وہ اب کوئی سرکاری فرائض انجام نہیں دیں گے اور ایک عام(نجی) شہری کی حیثیت سے اپنے خلاف کیس کا دفاع کریں گے‘‘۔اس سے قبل جمعرات کو شہزادہ اینڈریو کی قانونی ٹیم نے کہا تھا کہ وہ اس وقت کوئی تبصرہ نہیں کریں گے جب ان کے وکلاء امریکی جج کو متاثرہ عورت ورجینیا جیوفرے کے دائرکردہ اس مقدمے کو خارج کرنے پر آمادہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔اس میں ورجینیا نے شہزادے پر نوعمری میں جنسی زیادتی کا الزام لگایا تھا۔چہارشنبہ کے روز عام کیے گئے ایک فیصلے میں امریکی ڈسٹرکٹ جج لیوس کپلان نے کہا کہ 38 سالہ جیوفرے ان دعوؤں کی پیروی کر سکتی ہیں کہ اینڈریو نے انھیں مارا پیٹا اور جان بوجھ کران کی جذباتی پریشانی کا سبب بنے۔تب آنجہانی فنانسرجیفری ایپسٹین انھیں اسمگل کر رہے تھے۔ایک خاتون ترجمان نے کہا کہ قانونی ٹیم نے مجھے مشورہ دیا ہے کہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔