برطانوی وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ طول پکڑنے لگا

   

لندن: برطانوی وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرونا پابندیوں کے باوجود پارٹیوں میں شرکت کے اسکینڈل پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے اور مزید پانچ اراکین پارلیمنٹ نے بورس جانسن پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مزید ارکان کے عدم اعتماد کے بعد برطانوی وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کرنے والے اراکین کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم کو اس قسم کی صورت حال کا سامنا سیوگرے رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد کرنا پڑرہا ہے، سیوگرے رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم بورس جانسن نے ہاوس آف کامنز سے خطاب کرتے ہوئے لاک ڈاون کے دوران ٹین ڈاوننگ اسٹریٹ میں پارٹی کرنے پر معذرت بھی کی تھی۔برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر رپورٹ کے نتائج کو تسلیم کرتا ہوں، میٹرو پولیٹن پولیس کو اپنی تحقیقات مکمل کرنی چاہیے۔دوسری جانب بورس جانسن کا کہنا ہے کہ انکی نظریں آنے والے انتخابات پر مرکوز ہیں اور وہ ہی دوبارہ عہدہ صدارت سنبھالیں گے۔