وزیر داخلہ شبانہ محمود کے ساتھ مشرقی سسیکس کی مسجد کا دورہ‘ مسلمانوں سے بات چیت
لندن۔23؍اکتوبر ( ایجنسیز )برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے ملک میں مسلم کمیونٹی اور مساجد کو نفرت انگیز حملوں سے بچانے کیلئے 10 ملین پاؤنڈ کی اضافی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے۔برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے وزیر داخلہ شبانہ محمود کے ساتھ مشرقی سسیکس کی مسجد کا دورہ کیا۔ 4اکتوبر کو مسجد کے دروازے کے ساتھ ایک گاڑی کو آگ لگادی گئی تھی۔اس واقعہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا تھا۔وزیر اعظم کی فنڈنگ کے اعلان سے مساجد اور دیگر مذہبی مقامات میں سیکوریٹی کے انتظامات کئے جائیں گے جن میں سی سی ٹی وی‘ آلارم سسٹم‘ فینسنگ اور سیکوریٹی عملہ شامل ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ مذہبی مقامات پر ہمیں سیکوریٹی کی ضرورت نہیں ہونی چاہئے لیکن افسوس کہ ہمیں ایسا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو اپنی رواداری پر فخر ہے۔کسی بھی کمیونٹی پر حملے پوری قوم اور ہماری رواداری پر حملے ہیں۔برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس فنڈنگ سے مسلم کمیونٹی کو تحفظ کا احساس ملے گا اور وہ پر امن اور محفوظ طریقہ سے رہیں گے۔دوسری جانب وزیرداخلہ شبانہ محمود نے کہا کہ مسجد پر حملہ خوفناک جرم ہے جس کے تباہ کن نتائج نکل سکتے تھے۔اطلاعات کے مطابق مارچ 2025کو ختم ہونے والے سال میں مسلم مخالف جرائم میں 19فیصد اضافہ ہوا ہے۔چہارشنبہ کو مسجد کے قریب آتشزنی کے واقعہ کے سلسلہ میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ۔