برطانوی وزیر تلنگانہ میں اقامتی اسکولوں کی کارکردگی سے متاثر

,

   

اقلیتی طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی، طارق احمد اور اینڈریو فلیمنگ کی عہدیداروں سے ملاقات
حیدرآباد: برطانیہ کے منسٹر آف اسٹیٹ فارن ، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ افیرس لارڈ طارق احمد نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے اقلیتوں کو اقامتی اسکولوں کے ذریعہ انگلش میڈیم کی معیاری تعلیم کی سربراہی کی ستائش کی ۔ انہوں نے اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے ہیڈ آفس پہنچ کر سوسائٹی کے صدر اور حکومت کے مشیر اے کے خاں اور سکریٹری بی شفیع اللہ اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی اور اقامتی اسکولوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر برائے تلنگانہ و آندھراپردیش ڈاکٹر اینڈریو فلیمنگ کے ہمراہ لارڈ طارق احمد نے تلنگانہ میں طلبہ اور طالبات کیلئے قائم کردہ اقامتی اسکولوں اور ان کے کارکردگی کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ اے کے خاں نے انہیں اسکولوںکی کارکردگی سے واقف کرایا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی خصوصی دلچسپی سے ایک لاکھ سے زائد غریب اقلیتی طلبہ کے جی تا پی جی مفت تعلیم اسکیم کے تحت معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسکولوں کو جونیئر کالجس میں اپ گریڈ کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔ لارڈ طارق احمد نے اقامتی اسکولوں کے تلنگانہ ماڈل کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تعلیم کے معیار کے علاوہ ہاسٹل میں سہولتوں اور تغذیہ بخش غذاؤں کی فراہمی سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ستائش کی جنہوں نے سماجی و معاشی ترقی کے لئے اقلیتی اقامتی اسکولوں کا جال پھیلایا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقامتی اسکول سماج کی ترقی میں اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے مستقبل میں مزید اسکولوں کے قیام کی امید ظاہر کی۔ برطانوی عہدیداروں نے غریب مسلم خاندانوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کی معیاری تعلیم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ خواتین کے امپاورمنٹ اور لڑکیوں کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے برطانوی عہدیداروں نے خاتون اسٹاف کے تقرر کی ستائش کی۔ بی شفیع اللہ سکریٹری سوسائٹی نے مختلف پروگراموں کی تفصیلات سے واقف کرایا جو ریاستی حکومت کے تعاون سے عمل کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر سوسائٹی کے جوائنٹ سکریٹری لیاقت حسین موجود تھے۔