لندن ۔ 24 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی سپریم کورٹ کے گیارہ ججوں پر مشتمل بینچ نے اتفاق رائے سے برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن کے پارلیمنٹ معطل یا اس کا اجلاس ملتوی کرنے کو غیر قانونی اور باطل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام قانونی اعتبار سے غیر مؤثر ہے۔وزیراعظم جانسن نے اس ماہ کے اوائل میں پارلیمان کو پانچ ہفتوں کے لیے معطل یا اجلاس کی کارروائی ملتوی کر دی تھی۔ تاہم اب عدالت نے قرار دیا ہے کہ وزیراعظم کا ارکان پارلیمان کو 31 اکتوبر کو بریگزٹ سے قبل کام سے روکنا غلط اقدام تھا۔سپریم کورٹ کی صدر لیڈی ہیل نے کہا کہ ‘جمہوریت کی مبادیات (بنیادی اصول) پر اس کا اثر شدید تھا۔’اس فیصلے کے بعد بعض ارکانِ پارلیمان وزیراعظم کے استعفٰی کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ ڈاؤننگ اسٹریٹ (ایوان وزیراعظم) نے اپنے فوری ردعمل میں کہا ہے کہ فی الحال وہ فیصلے کا جائزہ لے رہا ہے۔
