برطانوی پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کےچیئرمین کی معذرت خواہی

   

Ferty9 Clinic

لندن: برطانیہ کی ٹوری پارٹی کے سینئر قائد اور پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کے چیئرمین ٹوبیائس ایل وڈ کو طالبان کی تعریف کرنے پرعدم اعتماد کی تحریک کا سامنا ہے۔ انہوں نے معافی مانگ لی۔ٹوبیاس ایل وڈ نے افغانستان کے حالیہ دورے پر کہا تھا کہ طالبان کے آنے سے امن و امان میں بہتری آئی ہے، بدعنوانی میں کمی ہوئی ہے اور افیون کی تجارت بالکل ختم ہو گئی ہے، سولر پینلز اب ہر جگہ موجود ہیں جو آبپاشی کے پمپوں کو چلاتے ہیں جس سے مزید فصلیں اگائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے برطانیہ سے طالبان کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا اور دعوی کیا کہ طالبان حکومت نے وہ امن قائم کیا جو 1970 کے بعد نہیں دیکھا گیا۔ ٹوبیائس ایل وڈ نے افغانستان کے حالیہ دورے کے دوران بنائی گئی وڈیو کو پوسٹ کرنے پر معذرت کی اور ڈیلیٹ کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ ان سے غلطی ہوئی، تاہم دفاعی کمیٹی میں ان کے ساتھی ارکان پارلیمنٹ نے اس وڈیو پر برہمی کا اظہار کیا اوربعض اطلاعات کے مطابق ٹوبیائس ایل وڈ پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفی دینے کو کہا گیا۔ عہدہ چھوڑنے سے انکار کرنے کے بعد کمیٹی میں شامل ارکان پارلیمنٹ بشمول کیون جونز، مارک فرانکوئس، ڈیرک ٹوِگ اور رچرڈ ڈریکس نے ایل و ڈ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جس پر پارلیمان کی موسم گرما کی تعطیلات کے بعد ستمبر میں ووٹنگ ہو گی۔